ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / عالمی خبریں / ملک کو بچانے اور بی جے پی کوبھگانے کیلئے لالوکی یلغار آج،تیاریاں مکمل

ملک کو بچانے اور بی جے پی کوبھگانے کیلئے لالوکی یلغار آج،تیاریاں مکمل

Sat, 26 Aug 2017 21:14:06  SO Admin   S.O. News Service

پٹنہ،26اگست(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)پٹنہ کے تاریخی گاندھی میدان میں 27اگست کو آر جے ڈی سربراہ لالو پرساد یادو کی”ملک بچاؤ، بی جے پی بھگاؤ“ریلی کو لے کر پٹنہ میں تیاریاں مکمل ہو چکی ہیں۔اس ریلی کے ذریعہ لالو اور ان کے خاندان مرکز کی بی جے پی حکومت کے خلاف ہل بولے گا۔لالو نے کہا کہ ریلی میں حزب اختلاف کے بہت سے لیڈران شامل ہوں گے،تاہم کچھ سینئرلیڈران نے ریلی سے خود کو الگ کر لیا ہے۔
ریلی میں کانگریس صدر سونیا گاندھی، کانگریس نائب صدر راہل گاندھی اور بہوجن سماج پارٹی کی لیڈر مایاوتی شامل نہیں ہوں گی۔کانگریس کی طرف سے سینئر لیڈر غلام نبی آزاد اور سی پی جوشی اس ریلی میں شامل ہوں گے۔ وہیں بہوجن سماج پارٹی کی جانب سے مایاوتی کے قریبی ستیش مشرا اس ریلی میں شامل ہوں گے۔اتر پردیش کے سابق وزیر اعلی اکھلیش یادو سماجوادی پارٹی کے جانب سے اس ریلی میں شرکت کریں گے۔مغربی بنگال کے وزیر اعلی ممتا بنرجی بھی اس ریلی میں حصہ لیں گی۔اس کے علاوہ سی پی آئی کے ڈی راجہ اور ڈی ایم کے کے ایس ایلنگوان بھی شامل ہوں گے۔
جے ڈی یو کے قومی صدر اور وزیر اعلی نتیش کمار کے مہاگٹھ بندھن سے الگ ہونے کے بعد لالو کی اس  ریلی کو ایک بار پھر 2019کہ لوک سبھا انتخابات سے پہلے مہاگٹھ بندھن تیار کرنے کی کوشش کے طور پر دیکھا جا رہا ہے،اگرچہ سونیا گاندھی، راہل گاندھی اور مایاوتی کے ریلی میں شامل نہیں ہونے سے پہلے ہی مہاگٹھ بندھن بنانے کی کوشش کو زبردست جھٹکا لگا ہے۔لالو یادو کی ریلی میں سب کی نظریں جے ڈی یو کے سابق قومی صدر اور راجیہ سبھا ممبر پارلیمنٹ شرد یادو پرہوں گی۔شرد یادو نے اعلان کیا ہے کہ وہ لالو کی ریلی میں شامل ہوں گے۔
غور طلب ہے کہ مہاگٹھ بندھن سے الگ ہو کر بی جے پی کے ساتھ حکومت بنانے کے نتیش کمار کے فیصلے کی مسلسل شرد یادو مخالفت کر رہے ہیں اور نتیش کے اس فیصلے کو 2015کے مینڈیٹ کی توہین بھی بتا رہے ہیں۔19اگست کو جے ڈی یو کی قومی مجلس عاملہ کی میٹنگ میں بھی شرد یادو شامل نہیں ہوئے تھے اور اسی دن انہوں نے پٹنہ میں ہی متوازی ایک اور”جن عدالت“ نام سے ایک پروگرام کا انعقاد کیا تھا اور اعلان کیا تھا کہ وہ مہاگٹھ بندھن کے ساتھ ابھی بنے ہوئے ہیں۔
شرد یادو نے جس طریقے سے پارٹی کے خلاف باغی تیور اپنا ئے ہیں اس سے نتیش کمار کافی ناراض ہیں اور انہیں پارٹی سے نکالنے کی قیاس آرائیاں بھی تیز ہیں لیکن اب تک ان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی ہے،اگرچہ جے ڈی یو کے سیکرٹری جنرل کے سی تیاگی نے صاف کر دیا ہے کہ لالو کی ریلی میں شرد یادو اگر شامل ہوتے ہیں تو وہ پارٹی میں ان کا آخری دن ہوگا۔اس کی وجہ سے سب کی نظریں اس ریلی کے دوران شرد یادو پر ہوں گی جنہوں نے لالو کی ریلی میں شرکت کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔بی جے پی اور جے ڈی یو نے لالو پر الزام لگایا ہے کہ وہ اس ریلی کا انعقاد اپنے اور اپنے خاندان کی غیراعلانیہ جائیداد کو بچانے کے لئے کر رہے ہیں۔بی جے پی کا یہ بھی کہنا ہے کہ ایک طرف جہاں ریاست کے 20اضلاع اس وقت سیلاب سے آئی تباہی کا دکھ جھیل رہے ہیں وہیں لالو اور ان کا خاندان اس درد سے بے فکرریلی پرتوجہ دئے ہوئے ہیں۔
 


Share: